جھنگ‘رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی پولٹری مافیا کااندھیر

جمعہ 12 جون 2015 14:38

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ): رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی پولٹری مافیا نے اندھیر مچادیاہے اور برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 80 سے 100روپے فی کلو اضافہ کردیاہے جس کے باعث اب مرغی کاگوشت جوپہلے 220 سے 240روپے فی کلو دستیاب تھا اس کی قیمت اب 300سے 320 روپے فی کلو کردی گئی ہے۔دوسری طرف ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی جانب سے پولٹری ایسوسی ایشن کو نرخوں کے تعین کااختیار دینے سے پولٹری مافیا کی چاندی ہو گئی ہے جس پر عوام الناس نے گوشت کے نرخ سرکاری سطح پر مقرر کرنے کامطالبہ کیاہے تاہم پولٹری ایسوسی ایشن نے پولٹری فیڈ اور مرغی کے گوشت کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس ، کسٹم ڈیوٹی و درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کی اپیل کردی ہے تاکہ شہریوں کو سستے داموں مرغی کاگوشت فراہم کیاجا سکے۔

(جاری ہے)

تحفظ حقوق صارفین ایسوسی ایشن فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ متعلقہ انتظامی حکام کی جانب سے انتہائی بااثر و طاقتور پولٹری مافیا کو ہرقسم کی من مانی کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے اور وہ روزانہ اپنی مرضی سے برائلر گوشت کی قیمت مقرر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی رمضان المبارک کی آمد میں 6،7 روز باقی ہیں لیکن پولٹری مافیا نے ناجائز منافع خوری کی بد ترین مثال قائم کرتے ہوئے گوشت کی قیمت میں بلاجواز 80سے 100روپے فی کلو کااضافہ کردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ پولٹری مافیا کی جانب سے اس ضمن میں مختلف حکومتی ٹیکسز عائد کرنے کابہانہ بنایا جارہاہے حالانکہ ان ٹیکسز کانفاذ اگلے مالی سال 2015-16ء کے یکم جولائی 2015 ء سے نافذ العمل ہونے والے بجٹ کے بعد کیاجاناہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ابھی پولٹری مافیا کو لگام نہ دی گئی تو شہریوں پر کروڑوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا جس سے برائلر مرغی کاگوشت بھی صارفین کی پہنچ سے باہر ہو سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں جس طرح الف سے لے کر ے تک ہر اشیائے ضروریہ بشمول چھوٹے و بڑے گوشت کے نرخ مقرر کرتی ہیں اسی طرح انہیں برائلر مرغی اور دیسی مرغی کے گوشت کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار بھی دیاجائے۔ انہوں نے اس ضمن میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی از خود نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

دریں اثناء پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں پولٹری فیڈ پر 5فیصد سیلز ٹیکس عائد کیاگیاہے نیز پولٹری فیڈ کے سب سے اہم جزو سویا بین میل پر بھی 10فیصد کسٹم ڈیوٹی اور 10فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح پولٹری فیڈ کے دیگر اجزاء پر بھی 5فیصد کسٹم ڈیوٹی اور پانچ سے 10فیصد تک سیلزٹیکس عائد کردیاگیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مرغی کے گوشت کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرکے وطن عزیز کو بیرون ممالک کی منڈی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کسی صورت قابل برداشت اقدام نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے گوشت کی قیمت میں اضافہ قدرتی امر ہے اور عوام کی خوراک مرغی کے گوشت کو مہنگا و نایاب ہونے سے بچانا ممکن نہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ پولٹری فیڈ اور اس کے اجزاء کو مجوزہ ٹیکسز سے مستثنیٰ قرار دیاجائے تاکہ صارفین کو سستے داموں مرغی کاگوشت دستیاب ہو سکے۔