محکمہ برقیات کازائد یونٹس کے بل جاری کرنا زیادتی ہے ‘ میرپور کے لوگوں کو ذہنی پریشانی سے نجات دلانے کیلئے زائد بل واپس لئے جائیں ‘ مرکزی انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے صدر چوہدری محمو داحمد کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 12 جون 2015 14:32

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) مرکزی انجمن تاجراں اتحاد گروپ کے صدر چوہدری محمو داحمد نے کہا ہے کہ محکمہ برقیات کی طرف سے زائد یونٹس کے بل جاری کرنا زیادتی ہے ۔ میرپور کے لوگوں کو ذہنی پریشانی سے نجات دلانے کے لیے زائد بل واپس کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر چوہدری محمود احمد نے کہا کہ میرپور کے لوگوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور ڈیم ریزنگ کے وقت دو دفعہ قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کے عوض میرپور کے شہریوں کے ساتھ محکمہ برقیات کا رویہ قابل مذمت ہے ۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید محکمہ برقیات کی طرف سے زائد یونٹس بل جاری کرنے کا نوٹس لیں۔ انھوں نے کہا کہ میرپور کے تاجروں نے ہمیشہ سرکاری اداروں کے ساتھ دوستانہ ماحول رکھا ہے۔

(جاری ہے)

نامساعد حالات کے باوجود میرپور کی تاجر برادری نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں لیکن محکمہ برقیات کی طرف سے زائد بل جاری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

چوہدری محمود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کالا باغ ڈیم ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکا اور میرپور کے لوگوں نے دو دفعہ ڈیم کی تعمیر اور ریزنگ کے وقت قربانیاں دی ہیں۔ وفاقی حکومت کو میرپور کے لوگوں کا ادراک ہونا چاہیے اور میرپور کے شہریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بھی نجات دلانی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ محکمہ برقیات میرپور کے شہریوں کو ذہنی اذیت نہ دے اور زائد بل فوری واپس لے کر اصل یونٹس کے بل جاری کرے۔تاکہ شہریوں اور تاجروں کو ریلیف مل سکے۔