سندھ حکومت سے 230 ارب روپے والے غیرقانونی وصولی پر بات ہوئی ہے ‘ڈی جی رینجرز کی رپورٹ مبہم ہے ‘اعتزاز احسن

جمعہ 12 جون 2015 14:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹراعتزازاحسن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سے 230 ارب روپے والے غیرقانونی وصولی سے متعلق بات ہوئی ہے ‘ڈی جی رینجرز کی رپورٹ مبہم ہے ‘دو سو تیس ارب کے حتمی اعداد و شمار کس طرح نکالے گئے ہیں ‘ تحقیقات ہونی چاہیے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوری، ایرانی تیل کی اسمگلنگ سمیت دیگرجرائم مشرف دور سے شروع ہوئے جبکہ کہا گیا کہ سندھ میں 230 ارب روپے کی کرپشن ہوئی تاہم مخصوص عدد کس طرح نکالا گیا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے ایک ہفتے بعد یہ انکشاف کرنے کا کیا مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل سندھ میں کیسے آتا ہے، کیا ایران بلوچستان سرحد پر سندھ انتظامیہ ہے، ایرانی تیل، چائنہ کٹنگ یہ سب معاملات آج کے نہیں ان اعداد و شمار کے ٹھوس ثبوت فراہم کیے جائیں اوریہ بھی بتایا جائے کہ اتنی بڑی کرپشن کب سے ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹراعتزازاحسن نے کہاکہ سندھ میں کرپشن سے متعلق صوبائی حکومت سے بات ہوئی ہے، کراچی میں بدامنی پھیلانے والے گزشتہ کئی سال سے کارروائیاں کررہے ہیں یا یہ ایک دو سال کی کارروائی ہے جوبھی الزامات ہیں وہ سندھ حکومت سے شیئرکرنے چاہئیں انہوں نے کہاکہ اس نوعیت کے الزامات سیاسی فضا کو خراب کریں گے۔

خاص طور پر ایسے وقت میں جب سب بھارت کے خلاف یکجائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ‘دو سو تیس ارب کے حتمی اعداد و شمار کس طرح نکالے گئے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :