محکمہ برقیات کی طرف سے اضافی یونٹ کا بل جاری کرنا شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا ‘چوہدری صابر حسین

جمعہ 12 جون 2015 13:08

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) میرپور کے عوامی وسماجی رہنماء چوہدری صابر حسین اور چوہدری محمد علی نے کہا کہ محکمہ برقیات کی طرف سے اضافی یونٹ کا بل جاری کرنا شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔محکمہ برقیات اپنی نااہلی وناکامی چھپانے کے لیے شہریوں پر زائد یونٹس کا بوجھ ڈال رہی ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے چند ماہ قبل وعدہ کرنے کے باوجود ٹیرف میں کمی نہ ہو سکی۔

میرپور کے شہریوں نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور ریزنگ کے وقت قربانیاں دی لیکن حکمرانوں کی بے حسی اور روایتی غفلت سے میرپور کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی وزیادتی کی جارہی ہے ۔ محکمہ برقیات فوری طور پر زائد بل واپس لے کر اصل یونٹس کے بل جاری کر ئے ورنہ شدید احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری صابر حسین نے کہا کہ اس مہنگائی میں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہے محکمہ برقیات نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے شہریوں کو زائد بل جاری کرد یے ہیں۔

جو سراسر زیادتی ہے ۔چوہدری محمد علی نے کہا کہ محکمہ برقیات کے اہلکاران نے شہریوں کو زائد یونٹس بل جاری کر کے ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے وعدہ کرنے کے باوجود شہریوں کو ٹیرف میں کمی کاکوئی ریلیف نہیں دیا۔ میرپور کے شہریوں میں اس وقت شدید پریشانی اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ محکمہ برقیات نے زائد یونٹس بل کس کے کہنے پر جاری کیے ہیں شہریوں کو بتایا جائے۔