فیفا کمیونیکیشن ڈائریکٹر مذاق کرنے پربرطرف

جمعہ 12 جون 2015 12:44

فیفا کمیونیکیشن ڈائریکٹر مذاق کرنے پربرطرف

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر والٹر گریگوریو کو مذاق کرنے پر ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ والٹر نے ایک ٹی وی شو میں فیفا صدر،سیکرٹری جنرل سمیت خود کو ایک ہی گاڑی کا سوار کہا تھا جسے پولیس والے چلا رہے ہیں۔ اس انٹرویوکے نشر ہونے کے بعد فیفا کی جانب سے اعلان سامنے آیا کہ والٹر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم معلوم ہوا ہے کہ یہ استعفیٰ انہوں نے خود نہیں دیا بلکہ فیفا صدر سیپ بلاٹر نے زبردستی حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

بلاٹر اور والٹر کے بیچ تعلقات ماضی میں ہونے والے اختلافات کے بعد سے خراب چلے آرہے تھے۔ وہ2011سے عالمی تنظیم سے منسلک تھے۔فیفا کے اعلان کے مطابق والٹر اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں تاہم وہ اپنی مدت ملازمت ختم ہونے تک ادارے کے ہمراہ بطور مشیر کام کریں گے۔ واضح رہے کہ فیفا کے موجودہ سربراہ سیپ بلاٹر بھی 7اہم عہدیداران کی گرفتاری کے بعد اعلان کرچکے ہیں کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہورہے ہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیا صدر چنے جانے تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔