لاہور،بہاولپور اورگوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات،دو سگے بھائیوں سمیت 7 افراد جاں بحق، 60زخمی

جمعہ 12 جون 2015 11:05

لاہور/گوجرانوالہ/بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) لاہور،بہاولپور اورگوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات میں دو سگے بھائیوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 60زخمی ہوگئے ، زخمیوں کوہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ۔گوجرانوالہ میں شیخوپورہ روڈ پر وین الٹنے سے تین افراد جاں بحق اور 10 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

جن کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسرا حادثہ تھانہ اروپ کے علاقے پنڈی بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں 22 سالہ حمزہ اور 20 سالہ زنیر کو کچل دیا۔ دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ٹرک ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

لاہور میں جیل روڈ پر نہر کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے آٹو رکشے میں سوار شخص کو روند ڈالا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

حادثے کے بعد ٹریلر اور رکشے کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاہور میں علاقہ جوہر ٹاؤن میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کے قریب ایک بس کو حادثہ پیش آیا ، حادثے کے نتیجے میں 1شخص جاں بحق اور 20افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب بہاولپور ٹول پلازہ کے قریب سہون شریف سے لاہور جانیوالی مسافر بس کی ٹریلر سے ٹکر کے نتیجے میں 30 مسافر زخمی ہوگئے جن کو بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :