`بھکر،عوامی تحریک کے 233کارکنان آج بطور اسیران انقلاب انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت سرگودھا میں پیش ہوں گے`

جمعرات 11 جون 2015 23:14

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک بھکر کے 233کارکنان آج بروز جمعۃ المبارک بطور اسیران انقلاب کے انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت سرگودھا میں پیش ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ناظم تحریک منہاج القرآن بھکر شوکت علی مصطفوی نے پرنٹ میڈیا سے بات کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ 8اگست یوم شہداء کے موقع پر لاہور جاتے ہوئے پولیس بربریت اور گلو بٹی کا نشانہ بننے والے پاکستان عوامی تحریک بھکر کے 233کارکنان جو ن لیگ جس نے حقیقت میں خون لیگ ہونے کا حق ادا کردیا ہے ، کی انتقامی کاروائیوں کا سامنا کرتے ہوئے گزشتہ چھ ماہ سے عدالتوں اور کچہریوں کے دھکے کھارہے ہیں ۔

آج خصوصی عدالت میں پیش ہوں گے ۔ مزید برآن انہوں نے بتایا کہ اس نظام اور حکومت کو جمہوری اور عوامی حکومت کہنے والے یہ سمجھتے ہوں گے کہ عدالتوں نے ان سیاسی مقدمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ختم کردیا ہوگا۔

(جاری ہے)

مگر انہیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ جب تک اس ملک کی باگ ڈور بد ترین بادشاہت کی طرح ایک خاندان کے ہاتھ میں رہے گی اس وقت تک نہ تو عدلیہ آزادی کے ساتھ آئین اور قانون کی بالا دستی اور عدل و انصاف کی فراہمی میں غیر جانبداری کے ساتھ کھل کر کام کرسکے گی اور نہ ہی کوئی اور ریاستی ادارہ عوام اور ملک کی فلاح و بہبود کی ترقی کیلئے کام کرسکے گا۔

اس موقع پر شوکت علی مصطفوی نے یہ بھی بتایا کہ اب تک جملہ مقدمات ، وکلاء ، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے جملہ اخراجات پاکستان عوامی تحریک برداشت کررہی ہے جس کی مثال پاکستان تو کیا پوری دنیا میں کوئی تحریک یا تنظیم پیش کرنے سے قاصر ہے یہاں تو جب کارکنا اریسٹ ہوتے ہیں تو ان کی قیادت ان سے قطع تعلقی کا اعلان کرکے خود کو ان سے بری الذمہ کردیتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور ان کی قائم کردہ پاکستان عوامی تحریک کی جملہ قیادت کو کہ جنہوں نے آج تک ایک فوٹو سٹیٹ کا بجٹ بھی اسیران انقلاب یعنی اپنے کارکنان پر نہیں ڈالا اور سب کچھ خرچ کرکے کسی بھی قسم کے خطر ناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ لہٰذا ہم اپنی قیادت کو سلام پیش کرتے ہوئے انقلاب دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان عوامی تحریک کا ایک ایک کارکن اپنے خون کے آخری قطرے تک ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ کھڑا ہے اور اس ملک میں مصطفوی انقلاب کے سویرے طلوع ہونے تک بغیر کسی ہچکچاہٹ و ڈگمگاہٹ اور تذلذل و تذبذب کے استقامت کے ساتھ جرأت جواں مردی کا ثپوت بن کر ہر باطل اور طاغوتی طاقت سے ٹکر انے اور پاش پاش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے`