3 پاکستانی جے ایف 17تھنڈر ز پیرس ائیر شو میں شرکت کیلئے فرانس پہنچ گئے

ایک طیارہ فضائی مظاہروں میں شرکت کریگا ‘دوسرا تمام ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کیلئے مرکز نگاہ رہے گا

جمعرات 11 جون 2015 22:33

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) تین جے ایف 17تھنڈر طیاروں اور پاک فضائیہ کے پائلٹس اور تکنیکی معاونین پر مشتمل ایک دستہ آج پیرس ائیر شو میں شرکت کیلئے پیرس پہنچ گیا ۔51واں ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے 15 سے 21 جون2015 تک لابورج پارک ڈیس ایکسپوزیشن پر منعقد ہو گا۔ایک JF-17 طیارہ فضائی مظاہروں میں شرکت کرے گا جبکہ دوسرا طیارہ تمام ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ رہے گا۔

(جاری ہے)

اس ائیر شو میں 44 ممالک کی 2215 فضائی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں اور پاکستان ائیر فورس کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے۔ یہ بات قابل غور بھی ہے کہ ان ممالک کے 150 طیارے اس ائیر شو میں حصہ لیں گے اور پاکستان کا JF-17 تھنڈر طیارہ بھی اس نمائش میں شامل ہو گا۔ائیر شو کے پہلے چار دن تجارتی مقاصد کے لیے مختص ہیں جبکہ باقی تین دن عام عوام کے لیے رکھے گئے ہیں۔JF-17تھنڈر ایک کم وزن اور ہمہ جہت طیارہ ہے جو کہ PAFاور چین کی ائیرو ٹیکنالوجی امپورٹ ایکسپورٹ کارپوریشن CATIC))کی مشترکہ پیداوار اور پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور CATIC کی مشترکہ کاوش ہے ۔ جے ایف 17طیارہ پاک فضائیہ کے بیڑے کا ایک اہم جزو بن چکا ہے جو کہ منصوبے کے مطابق پرانے لڑاکا طیاروں کی جگہ لے گا۔