فیصل آباد ، ہری پور میں سزائے موت کے دو قیدیوں کو پھانسی دیدی گئی

جمعرات 11 جون 2015 22:00

فیصل آباد، ہر ی پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں قتل کا ایک اور مجرم اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ ہری پور کی سنٹرل جیل میں بھی سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دے دی گئی۔ملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی کی حدود میں انیس سال قبل اپنی چچی کو قتل کرنے والے مجرم شاہد شفیق کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

(جاری ہے)

مجرم کا تعلق فیصل آباد سے تھا ، اسے دو روز قبل گوجرانوالہ جیل سے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز مجرم سے رشتہ داروں کی آخری ملاقات کروائی گئی۔ ہری پورکی سنٹرل جیل میں بھی سزائے موت کے مجرم گل محمد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ مجرم کو مردان کی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا ، ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 کے قریب مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے

متعلقہ عنوان :