وزرائے مملکت کا بھارتی وزیر اعظم اور بھارتی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات پر سخت برہمی کا اظہار

پاکستان پر امن ملک ہے ٗ بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ٗ بھارت کو ملک میں 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی،پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا ٗ اکرم خان درانی ٗ عابد شیر علی اور انجینئر بلیغ الرحمن کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 11 جون 2015 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزرائے مملکت نے بھارتی وزیر اعظم اور بھارتی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان پر امن ملک ہے ٗ بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ٗ بھارت کو ملک میں 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی،پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائیگاوفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان امن پسند ملک ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال زندگی بسر کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے لئے صرف خیبرپختونخوا کے عوام کو بھیجا جائے تو بھارت کا ایسا حل کر دیں گے کہ وہ یاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چائنہ کے ساتھ معاہدے ہضم نہیں ہو رہے، وہ پاکستان کو خوشحال ہوتے نہیں دیکھ سکتا، بھارت کے وزیراعظم مودی کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو ان کے دل میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاسی ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں صوبہ خیبرپختونخوا میں سہ فریقی اتحاد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں دھاندلی کے خلاف عوام نکلے تھے، کسی جگہ پر بھی تجارتی مراکز کو زبردستی بند نہیں کرایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے، گزشتہ دو سالوں کے ودران صوبہ میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا بلکہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے رکھے گئے فنڈز بھی منصوبے شروع نہ کرنے کی وجہ سے لیپس ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں بلدیات انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک استعفیٰ دیدیں۔ویزرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہاکہ بھارت کو پاکستان کی معاشی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت 40 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی، بھارت خطہ میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے لئے مختلف حربے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاژ کیا جائے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ گیڈر بھبھکیاں شیروں پر اثر انداز نہی ہوتیں، اگر پاکستان کی خود مختاری پر کسی قسم کی کارروائی کی گئی، منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دشمن کو شکست ہو گی، پاکستان ایک نیوکلیئر ملک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی نا اہلی کی مثال نہیں ملتی، گدھا مرنے پر واپڈا کے 8 ملازمین پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس پر ہم نے سندھ حکومت سے سخت احتجاج کیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیپرا ایک خود مختار اتھارٹی ہے جس نے بجلی پر سبسڈی کو نیشنل لائز کیا گیا ہے تاکہ وزارت پر سالانہ 70 ارب روپے کے نقصان کو تقسیم کیا جا سکے۔وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمن نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران غیر ذمہ دارانہ بیان دیا، حکومت ان کے بیان کی مذمت کرتی ہے اس طرح کے بیانات دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کے بعد دو ٹوک موقف آیا اس میں کوئی ابہام موجود نہیں۔