حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی فرمائش پر عوام کو زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعرات 11 جون 2015 20:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ’’عوامی بجٹ‘‘ پیش کرنے کی دعویداری کے فوری بعد بجلی کے گھریلو صارفین پر 3روپے اور صنعتی صارفین پر 4روپے فی یونٹ اضافے اور سبسڈی کو ختم کرنے کے فیصلے کو عوام دشمن، اسے (ن)لیگ کی دوغلی پالیسی اور عوام پر خودکش حملے کے مترادف قرار دیتے ہوئے عوامی حکومت کے دعویدار حکمرانوں کی ظالمانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔

صوبائی امیر نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکمران ٹولے اور ان کے کاسہ لیس وزراء کی جانب سے بجٹ2015/16کو مسلسل عوامی بجٹ قرار دینا اور عوام کیلئے دودہ اور شہد کی نہریں بہانے کی دعویداری کے برخلاف بجٹ کے فوری بعد بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور بجٹ سے صرف ایک دن پہلے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خوردونوش اور دیگر چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ،رمضان المبارک سے قبل ہی مارکیٹوں اور بازاروں میں گھریلو اشیاء ، سبزیوں اور فروٹ کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے،ایک طرف بیروزگاری، بجلی کی مسلسل اذیت ناک لوڈشیڈنگ اور امن امان کی ناقص صورتحال کے باعث عوام پہلے ہی مسلسل اذیت ناک زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں تو دوسری جانب حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی فرمائش پر ہر مہینے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں کیا جانے والے حالیہ اضافے کو واپس اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کرے،نیز روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا نوٹس لیکر منافع خور تاجروں کیخلاف کاروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :