Live Updates

حکومت سندھ فوری طور پر صدر کے تجارتی علاقے کے مسائل پر توجہ دے،خرم شیر زمان

اگر حکومت نے ان دکانداروں کے جائز مسائل پر توجہ نہیں دی تو ہم اسمبلی کے علاوہ اہم شاہراہوں پر احتجاج کریں گے،رہنما تحریک انصاف

جمعرات 11 جون 2015 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ فوری طور پر صدر کے تجارتی علاقے کے مسائل پر توجہ دے ۔علاقے سے تجاوزات اورغیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے اور فٹ پاتھوں پر پتھارے لگاکر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے افراد کو کھلے میدانوں میں منتقل کیا جائے جہاں بچت بازار لگاکر ان افراد کے باعزت روزگار کا انتظام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صدر کے دورے اور مختلف ایسوسی ایشنز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔صدر کے تاجروں نے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ صدر میں سیوریج کا نظام بوسیدہ ہوچکا ہے ۔جبکہ غیر قانونی پارکنگ اور پتھاروں کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ قریب ہے ۔اسی لیے حکومت فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دے اور صدر کے علاقے کے مسائل کو حل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ان دکانداروں کے جائز مسائل پر توجہ نہیں دی تو ہم اسمبلی کے علاوہ اہم شاہراہوں پر احتجاج کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات