شاہ فیصل زون میں برساتی نالوں پر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا

جمعرات 11 جون 2015 19:25

کراچی ۔ 11جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) شاہ فیصل زون میں آپریشن کے دوران بسم اللہ ٹاؤن اور گرین ٹاؤن کے برساتی نالوں پر قائم تعمیرات و تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہ فیصل زون میں برساتی نالوں کی صفائی کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کر دیا گیا۔

نالوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات کے حوالے سے عوامی شکایات پر ضلع انتظامیہ کے تعاون سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے بسم اللہ ٹاؤن اور گرین ٹاؤن میں برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے نکاسی آب کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کردیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا کہ عوامی سہولیات کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، برساتی نالوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے بلدیہ کورنگی کے تحت برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے شاہ فیصل، کورنگی اور لانڈھی زون کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حدود میں برساتی نالوں کی صفائی اور نالوں پر قائم رکاوٹوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں تاکہ دوران برسات پانی کی باآسانی نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے اور رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کرکے دوران برسات عوام کو ہر ممکن سہولت پہنچائی جا سکے۔