قومی اسمبلی،بھارتی وزیر اعظم کے بیان کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

بھارتی بیانا ت کا نہ صرف منفی اثر پڑرہا ہے بلکہ علاقائی سلامتی و استحکام کیلئے بھی براہ راست خطرہ ہیں،عالمی برادری بالخصوص اقوام متحد ہ اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات کا نوٹس لے ،قرارداد کا متن پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے آگئے ،اسحاق ڈار

جمعرات 11 جون 2015 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) قومی اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ اشتعال انگیز بیان کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق جمعرات کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھارتی وزیراعظم کے بنگلہ دیش میں دئیے گئے حالیہ بیان کیخلاف مذمتی قراردار پیش کی۔اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیان کے بعد جو ثابت ہوگیا کہ ہمارے ملک میں دہشتگر دی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے میں بھارت بھی شامل ہے اور اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بنگلہ دیش میں بیان پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں سمیت قوم کے جذبات تحریک میں شامل ہیں نریندر مودی کے پاکستان توڑنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جوکہ اس نے سرعام پوری دنیا کے سامنے کہہ رہا ہے حالانکہ پاکستان کے امن سلامتی اور خطے کی استحکام کیلئے مختلف ادوار میں قربانیاں دی ہیں، اسحاق ڈار ے کہا کہ جس طرح پاکستان میں دہشتگردی جاری ہے اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں بیرونی ملکوں کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی ملے ہیں تو بھارتی وزیراعظم کے بیان کے بعد پاکستان میں دہشتگردانہ واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے آئے ہیں اقوام متحدہ دشمنی پر مبنی بیان کا سختی سے نوٹس لے اور اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان متفقہ طور پر بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کیخلاف غیر ذمہ دارانہ ا ور جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس قسم کے بیانات بھارت کی پاکستان کے ساتھ اچھے ہمسائے کے طور پر رہنے کے خواہش پر سوال اٹھاتے ہیں اس قسم کے بیانات پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ماضی اور حال میں بھارت کے ملوث ہونے کے حوالے سے پاکستانی موقف کی تصدیق کرتے ہیں قرارداد میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں اس قسم کے بیانات جاری کئے اور اس طرح بھارت نے پاکستان او ر بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی ہے جس میں اسے کامیابی نہیں ملے گی قرارداد میں اس عزم کا اعادہ کیا گیاہے کہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنی سرزمین کی خلاف ورزی کی کبھی بھی اجازت نہیں دے گا پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملکی سالمیت او علاقائی خود مختاری کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کے خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا قرارداد میں عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی سیاسی قیادت کے اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات کا نوٹس لے جن کا نہ صرف منفی اثر پڑرہا ہے بلکہ علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی براہ راست خطرہ ہیں ۔

ایوان نے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔