پوٹھوہار میں انگور کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،ترجمان محکمہ زراعت

جمعرات 11 جون 2015 19:05

راولپنڈی 11جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ پوٹھوہار میں انگور کی کاشت پر توجہ دے کر پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں پوٹھوہار میں انگور کی کاشت کا رجحان بڑھ رہا ہے ۔ انگور کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ انگور کے باغات کی مناسب دیکھ بھال کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ اس وقت انگور کا پھل تیار ہو رہا ہے تاہم موسم گرما میں ہونے والی بارشیں انگور کے پھل کی غذائیت اور معیار کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ زیادہ نمی کی وجہ سے پھل پھٹ جاتا ہے اور اسے پھپھوندی لگ جاتی ہے۔ انگور کے پودوں کو دوسرے پھلدار پودوں کی نسبت کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کاشتکار موسم گرما میں پودوں کو 10 تا 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں جبکہ موسم برسات میں آبپاشی کے وقفے کو بڑھایا جائے۔

انگور کے کاشتکار پھل پکتے وقت آبپاشی بند کریں کیونکہ اس سے پھل کے پکنے میں تاخیر اور پھل کی نشوونما اور سائز بھی متاثر ہوتا ہے۔ انگور کے پھل کی برداشت دانے کا پورا سائز ہونے پر کی جائے ۔ گچھوں کو قینچی سے کاٹ کر برداشت کیا جائے اور انہیں ٹوکری یا کریٹ میں اس طرح رکھا جائے کہ وہ زخمی نہ ہو۔