گلگت بلتستان اورمنڈی بہاؤالدین کامیابی عوام کا مسلم لیگ ( ن ) پر اعتماد کا مظہر ہے، راؤ محمد اجمل خان

جمعرات 11 جون 2015 18:56

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وپیداوار راؤ محمد اجمل خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اورمنڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی بھرپور کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) ہی ملک کی مقبول اورعوامی جماعت ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کی بدولت مسلم لیگ(ن) کا گراف بڑھا ہے۔

جمعرات کو”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں وہاں کے عوام نے مسلم لیگ(ن) پرجو اعتماد کا اظہارکیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انشاء اللہ آنے والے وقت میں گلگت بلتستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس کی تکمیل سے راولپنڈی اسلام آبادکے عوام کو سفرکی بہترین سہولت میسرآئی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں ہمیشہ ملک کی تعمیروترقی ہوتی ہے۔ میگاپراجیکٹ مکمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد توانائی کے بحران سے نجات مل جائے گی۔ محمد نواز شریف کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر اس پرکام ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا اور اس کے دورس نتائج عام لوگوں تک آنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے بجٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی ہے جس سے ملک کی اقتصادی اورمعاشی ترقی اور خوشحالی کے اہداف میں مدد حاصل ہوگی۔