سابق اولمپیئن اور رکن قومی سلیکشن کمیٹی ارشد علی چوہدری انتقال کرگئے

جمعرات 11 جون 2015 18:42

لاہور ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) سابق اولمپیئن اور رکن قومی سلیکشن کمیٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن ارشد علی چوہدری حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول چوہدری، سیکرٹری جنرل رانا مجاہد علی، اولمپیئن اخلاق احمد، اشتیاق احمد اور انجم سعید نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

ارشد علی کی عمر 65 سال تھی اور انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں قومی ہاکی ٹیم کے ٹرائلز میں شرکت کرنا تھی۔ مرحوم نے میونچ 1972 اور مانٹریال 1976 کے اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ وہ نیو گارڈن ٹاؤن عثمان بلاک لاہور کے رہائشی تھے۔ پی ایچ ایف کے عہدیداران نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ارشد چوہدری کی بے وقت موت نے ہاکی سے پیار کرنے والوں کو سوگوار کردیا ہے۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی ۔