ریلوے انتظامیہ نے پریم یونین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کے گزشتہ اڑھائی سال سے رکے ہوئے ایک ارب چالیس کروڑکے ٹی اے ڈی اے کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کردیا

جمعرات 11 جون 2015 18:39

فیصل آباد ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ریلوے انتظامیہ نے ریل مزدوروں کی نمائندہ تنظیم پریم یونین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کے گزشتہ اڑھائی سال سے رکے ہوئے ایک ارب چالیس کروڑکے ٹی اے ڈی اے کی فوری ادائیگی کا حکم جاری کردیاہے۔پاکستان ریلوے پریم یونین کے ترجمان نے بتایاکہ اس سلسلہ میں یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور، ڈپٹی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری،عبدالقیوم اعوان اور دیگر رہنماؤں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور بوبک سے ملاقات کی اور انہیں ٹی اے ڈی اے کے سلسلہ میں ملازمین میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے گزشتہ اڑھائی سال سے منجمد فنڈزکی فوری طور پر بحالی اور ملازمین کو ادائیگی کا حکم جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور بوبک نے ریلوے ملازمین کی طرف سے30 ماہ تک بغیر ٹی اے کے کام کرکے حب الوطنی کی ایک اعلیٰ مثال قائم کرنے کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ا`نہوں نے بتایاکہ ملاقات کے دوران پریم یونین کے رہنماؤں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجویٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی بھی کی جارہی ہے لہٰذااس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں بھی فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے اور ٹی ایل اے و کنٹریکٹ ملازمین کو فوری طور پر ریگولر کیا جائے۔

دریں اثنا پریم یونین کے رہنماؤں شیخ انور، خالد چوہدری،عبدالقیوم اعوان ،ملک بشیر ،باؤطاہر نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،چیئر پرسن ریلوے میڈم آغا پروین، جنرل منیجر آپریشن ، ممبر فنانس غلام مصطفی کا ریلوے ملازمین کے مطالبہ پر ٹی اے ڈی اے کی ادئیگی کے حکم پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر ملازمین کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کر دار ادا کیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی وہ آئندہ بھی ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :