بھارتی حکمرانوں کا جنگی جنون خطے میں کسی بڑے سانحہ کو جنم دے سکتا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

بین الاقوامی برادری بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کو خطے کا امن برباد کرنے سے باز رکھے،بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات مقبوضہ کشمیر میں ریاستی عوام کے حق خودارادیت کو سرد نہیں کرسکتے،وفد سے گفتگو

جمعرات 11 جون 2015 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کا جنگی جنون خطے میں کسی بڑے سانحہ کو جنم دے سکتا ہے۔ بین الاقوامی برادری بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کو خطے کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ یہاں مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کے دورا ن وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بھارتی حکمران اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو نگے بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات مقبوضہ کشمیر میں ریاستی عوام کے حق خودارادیت کو سرد نہیں کرسکتے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کے ایمان کا حصہ ہے۔ بھارت نے اگر کوئی جارحانہ اقدام کیا تو آزاد کشمیر کو بھارت کا قبرستان بنا دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی عزت و ناموس کی محافظ ہے۔ کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں حریت کانفرنسی رہنما شیخ الطاف کو قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدر عبدالمجید نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی بندکرائیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہر بین الاقوامی فورم پر اپنا رول موثر طریقے سے ادا کررہی ہے ۔مقبوضہ کشمیر سے آمدہ مہاجرین ہمارے وجود کا حصہ ہیں آزادکشمیر میں ان کو مہاجر ہونے کا احساس نہیں ہونے دیں گے ۔

مہاجرین کے تمام ہر طلب مسائل کو حل کریں وزیراعظم نے کہاکہ آزاد کشمیر کا حالیہ بجٹ آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا آزادکشمیر کا حالیہ بجٹ آزادکشمیر کو تعمیر وترقی کے ایک نئے دور میں داخل کردے گا ۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی آزاد کشمیرمیں تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہورہی۔ وزیراعظم نے کہاکہ خدمت خلق پیپلزپارٹی حکومت کا ایجنڈا ہے حکومت پر کرپشن کے الزامات سے تعمیر وترقی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

ہم نے تعمیر وترقی کے لیے جو اقدامات شروع کررکھے ہیں اس سے آزادکشمیر کے عوام بلا تخصیص مستفید ہورہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن سمیت آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں یکساں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں اور آزادکشمیر کے دور دراز پسماندہ علاقوں کو شہرجیسی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ترجیح اقدامات کررہے ہیں ۔`