غیر قانونی و بغیر لائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

جمعرات 11 جون 2015 14:24

لاہور ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں غیر قانونی و بغیر لائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیز کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصل آبادڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ حکومت نے بعض میڈیارپورٹس کا سختی سے نوٹس لیاہے جن میں بتایاگیاتھاکہ کچھ غیر قانونی اور بلالائسنس کام کرنے والی ٹریول ایجنسیز اور ان کے ایجنٹ معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر فراڈ کے ذریعے رقوم بٹور رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ تمام ڈی سی اوزاور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں،قصبوں اور ملحقہ علاقوں میں جعلی اور دھوکہ باز ٹریول ایجنٹس پر گہری نظر رکھیں اور ان کے بارے میں خفیہ رپورٹس حاصل کرکے معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر فراڈ اور رقوم بٹورنے والوں پر قانون کا مضبوط ہاتھ ڈالا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض ٹریول ایجنسیز کی طرف سے بلا لائسنس اور بلا اجازت حج پیکج کے تحت بکنگ کرنے اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے سے متعلق عوامی شکایات پر کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے اور ایسی نام نہاد اور جعلی ٹریول ایجنسیز کے تشہری بینرز قبضہ میں لیکر ان کیخلاف دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمات درج کرائے جائیں ۔

انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ نام نہاد ٹریول ایجنٹس سے ہوشیار رہیں اور ایسے غیر قانونی د ھندے میں ملوث عناصر کی متعلقہ اداروں کو فوری نشاندہی کی جائے۔