وزیر اطلاعا ت سردار عابد حسین عابد کی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی سے ملاقات

جمعرات 11 جون 2015 13:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیر اطلاعا ت سردار عابد حسین عابد نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی سے ملاقات کی ،وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے سردار عابد حسین عابد کو وزیر اطلاعات بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی سربراہی میں محکمہ مزید ترقی کی منازل طے کرے گا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ سردار عابد حسین عابد انتہائی قابل اور اعلی درجے کی صلاحیتوں کے مالک ہیں وہ ایک نہایت زیرک اور بردبار انسان کے طور پر مشہور ہیں جنہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور پارٹی منشور کو پھیلانے اور شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کے نظریات کو زبان زد عام کرنے کے لیے بھرپور محنت کی ہے ۔

سید بازل علی نقوی نے وزیر اطلاعات کو بتایا کہ سینٹرل پریس کلب مظفر آباد کی عمارت کو اس سال اے ڈی پی میں شامل کر لیا گیا ہے اور امید ہے کہ اس کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسے صحافیوں کے لیے پیپلزپارٹی کی حکومت کا ایک انمول تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے صحافیوں کو اپنے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں خاصی مد دملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیرا طلاعات میں نے کوشش کی کہ ایک طرف محکمہ اطلاعات میں دور رس اصلاحات لائی جائیں اور دوسری جانب ریاست کے صحافیوں کو اپنے پیشپ وارانہ امور کی انجام دہی کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ مجھے دوران وزیر اطلاعات نہ صرف یہ کہ محکمہ کے افسران کا بھرپور تعاون حاصل رہا بلکہ صحافیوں نے بھی مجھے بھرپور تعاون فراہم کیا ۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ وہ اعلی صلاحیتوں کے مالک ایک ایسے لیڈر کے طور پرابھرے ہیں جنہون نے عوام کے ساتھ اپنے تعلق کو انتہائی مضبوط رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ اس وقت پورے آزادکشمیر میں وہ جانے جاتے ہیں اور لوگ ان سے انتہائی محبت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے وزارت ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے کیونکہ اس پر سید بازل علی نقوی جیسا شخص رہا ہے اب اس کو برقرار رکھنا میرے لیے ایک اعزاز ہی ہوگا۔

انہون نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ یہ سلسلہ وہی سے شروع ہو جہاں بازل نقوی نے اسے چھوڑا ہے اور محکمے میں اصلاحات کو عمل جاری رہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے جنہوں نے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد کو مبارک باد دی اور سابق وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی کا شکریہ ادا کیا ۔