ڈوڈہ میں مسلمان دکانداروں پر انتہا پسند ہندوؤں کے حملوں کی شدید مذمت

جمعرات 11 جون 2015 13:21

سرینگر ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے مرمت میں انتہا پسند ہندو ؤں کی طرف سے مسلمان دکانداروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس مہینے کی 8 تاریخ کو انتہا پسند ہندوؤں نے علاقے کے مسلمان دکانداروں پر حملے کئے اور ان کی دکانوں کو شدید نقصان پہنچانے کے علاوہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا محمد یونس، اجمل اور مدثر علی سمیت بعض دکاندار شدید زخمی ہو گئے ۔

انہوں نے کہاکہ جب انہوں نے پولیس کو اس س بارے میں شکایت کی تو انہوں نے مقدمہ درج کرنے کی بجائے ان کے اہم رکن گل محمد کوگرفتار کر لیا ۔ترجمان نے کہاکہ دکانداروں پر حملہ فرقہ پرست ہندوؤں کی طرف سے جموں میں مسلمانوں کو خوف زدہ اور ہراساں کرنے کی مہم کا حصہ تھا۔انہوں نے کہاکہ فورم جموں ڈویژن کے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی عوام کے سامنے اپنا موقف پیش کیا جائیگا