پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، بھارت اور اسرائیل کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، زرعی مداخل کو سستا اور اجناس کی خریداری کے لئے موثر نظام رائج کیا جائے

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ کا بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

جمعرات 11 جون 2015 13:20

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، بھارت اور اسرائیل کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، زرعی مداخل کو سستا کیا جائے اور زرعی اجناس کی خریداری کے لئے موثر نظام رائج کیا جائے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2015-16ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارشل لاؤں کی وجہ سے ملک بہت پیچھے رہ گیا ہے کیونکہ اس میں سڑکیں تو بنتی ہیں مگر ادارے ختم ہو جاتے ہیں، سیاسی حکومت وجود میں آئی تو ایٹم کی بنیاد رکھ دی جس کی وجہ سے بھارت ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، نواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کر کے ملک کو ایٹمی کلب کا رکن بنایا جس سے اسرائیل اور بھارت کے عزائم ناکام ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ترجیحات اور دنیا میں دوستوں کا تعین صرف اور صرف سیاسی حکومتیں ہی کر سکتی ہیں۔ پاکستان ایٹمی قوت ہونے کی وجہ سے دنیا کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے، ان حالات میں ہمیں اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا اور کہا کہ بہادر افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے بھارت کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے زراعت کے حوالے سے بجٹ مں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ زرعی مداخل کو سستا کیا جائے اور فصلوں کی خریداری کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔