عالمی عدالت انصاف اور طاقتیں بھارتی وزیراعظم کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا فوری نوٹس لیں، ڈپٹی سپیکرآزاد کشمیر اسمبلی شاہین کوثر ڈار

جمعرات 11 جون 2015 13:18

اسلام آباد ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) آزاد کشمیر اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا رویہ قابل تشویش ہے، عالمی عدالت انصاف اور عالمی طاقتیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ بنگلہ دیش کے موقع پر غیر ذمہ دارانہ بیان کا فوری نوٹس لیں، یہ شخص سینکڑوں مسلمانوں کا قاتل ہے، آج بھی مجرموں کی فہرست میں شمار ہوتا ہے، اس کے بیانات سے خطے میں جنگی ماحول پیدا ہو جاتا ہے، کارگل کے محاذ پر بھارت نے اپنی طاقت کا گھمنڈ مٹتے ہوئے دیکھا ہے، جارحیت کی سوچ ترک نہ کی تو پاکستانی و کشمیری عوام پاک افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے جارحانہ رویے اور بیان بازی کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو الگ کرنے میں بھارتی ہندو سوچ نے کام دکھایا جو پاکستان کے دائمی دشمن ہیں، آج بھی بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے، بھارتی وزیر اور خود وزیراعظم بھارت پاکستان میں مداخلت کا کھلے عام اعتراف کر چکے ہیں، عالمی عدالت انصاف میں ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ساری سوچ پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کی عالمی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے پاکستان آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بھارتی رویے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برما نہیں، یہ عالمی طاقت ہے، ہر میلی آنکھ کا موثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپناکردار ادا کرے، بھارتی وعدے وقت کا ضیاع ہیں، آزادی حاصل کرنے میں کشمیری حق بجانب ہیں، انھوں نے کہا آزادی کے حق سے دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو محروم نہیں رکھ سکتی۔

متعلقہ عنوان :