وزیراعظم نواز شریف کی بان کیمون سے ملاقات اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں خوش آئند ہیں‘ میر واعظ

بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کا مثبت جواب دے‘ بیان

جمعرات 11 جون 2015 13:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”ع“ گروپ کے چیئرمین میر واعظ نے پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف کی بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انکی بانکی مون سے ملاقات کو موجودہ وقت اور حالات کا نا گزیر تقاصا قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کشیدگی اور تناؤ کا بنیادی محور ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے پورے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں ان حالات کا تقاصا ہے کہ بھارت اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر حل طلب مسائل میں سب سے قدیم مسئلہ ہے اور اس مسئلے کے حل کے ضمن میں پاس کردہ قرار دادوں میں عمل آوری کو یقینی بنانا جہاں اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے وہیں بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے سلسلے میں بامعنی مذاکرات کی بحالی اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے بامعنی مذاکراتی عمل کی ہمیسہ متمنی رہی ہے تاہم انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل کی خاطر مذاکرات کے لئے ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لئے کسی تیسرے فریق کی ثالثی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعتماد سازی کا فقدان اور مذاکراتی عمل میں بار بار تعطل مسائل کے حل کی راہ میں آگے بڑھنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے