راولپنڈی میں رمضان المبارک کے دورا ن 5 سستے بازاروں کے قیام کی منظوری

جمعرات 11 جون 2015 13:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایات پر ضلعی حکومت کی جانب سے راولپنڈی شہر میں رمضان المبارک میں سستی اشیاء خورد و نوش کو یقینی بنانے کے لئے 5 سستے بازاروں کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں تمام تر اشیاء خورد و نوش سبسڈی قیمتوں پر دستیاب ہونگی۔ ضلعی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق شہر میں ابتدائی طور پر 5 سستے بازار کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں کمیٹی چوک‘ شمس آباد‘ ڈھوک حسو‘ حیدری چوک‘ چونگی نمبر 22 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کی ہدایات پر بنائے گئے سستے بازاروں میں ماہ رمضان کے دوران مارکیٹ سے 5 سے 10 فیصد کم قیمتوں پر صارفین اشیاء خورد و نوش کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔ ڈی سی او راولپنڈی ثاقب ظفر کی طرف سے ایک اجلاس بلایا گیا ہے جس میں شہر کے تاجروں‘ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ فلور ملز مالکان کو مدعو کیا گیا ہے جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خورد و نوش کی فروخت پر متفقہ طور پر اشیاء خورد و نوش کی ریٹ لسٹ میں کمی پر غور کیا جائے گا تاہم دوران رمضان المبارک سستے رمضان بازاروں کے ساتھ شہر میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے مارکیٹ میں چھاپے مار کر ریٹ لسٹ باقاعدہ چیک کی جائیں گی

متعلقہ عنوان :