سینما مالکان پاکستانی فلموں کو ترجیح دیں‘ ہمایوں سعید

جمعرات 11 جون 2015 12:48

سینما مالکان پاکستانی فلموں کو ترجیح دیں‘ ہمایوں سعید

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء)ٹی وی اور فلم کے مشہور اداکار اور فلمساز ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ سینما مالکان کو چاہیے کہ وہ عیدین اور دیگر تہوراوں کے موقع پر پاکستانی فلموں کو ترجیح دیں تاکہ فلمسازوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے اور پاکستانی فلم انڈسٹری کو تقویت ملے۔ فلم ”بے روئے “ کی تعارفی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب فلم کا بجٹ بڑھ چکا ہے۔

اگر پروڈیوسر کو دو ہفتے کا وقت مل جائے تو اس کی ریکوری ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پورا سال ہوتی ہے۔ مجھے ذاتی طور بھارتی فلموں سے کوئی اختلاف نہیں ہے لیکن فلمی صنعت کی ترویج اور ترقی کے لئے سینما مالکان کو فلمسازوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں فلمسازی پیسے کمانے کے لئے نہیں کر رہا بلکہ میری کوشش ہے کہ میں ایسے حالات میں اپنی خدمات پیش کروں جب فلم انڈسٹری زبوں حالی کا شکار ہے تاکہ آنے والے وقت میں لوگ میری خدمات کو یاد رکھیں۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اگر معیار بہتر ہو تو شائقین آج بھی پاکستان فلمیں بڑے شوق سے دیکھتے ہیں جس کا ثبوت حالیہ دو تین برسوں میں ریلیز ہونے والی فلموں کی کامیابی ہے۔