آزادکشمیر کابینہ میں سٹاف کالونی میرپور کے کوارٹرز کی الاٹیوں کو منتقل کرنے کی منظوری سے سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

جمعرات 11 جون 2015 12:13

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء)آزادکشمیر کابینہ میں سٹاف کالونی میرپور کے کوارٹرز کی الاٹیوں کو منتقل کرنے کی منظوری سے سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے عوامی وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی غریب عوام دوستی قرار دیا گیا ہے کابینہ کے فیصلہ کے بعد سٹاف کالونی کے ملازمین خوشی سے گلیوں میں نکل آئے اور نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور چوہدری عبدالمجید زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اس پر مسرت موقع پر ضلع کونسل ہال میرپور میں اظہار تشکر کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا جس کی صدارت نامور تنظیمی لیڈر چوہدری عبدالمالک نے کی اور سابق کونسلر سردار شفیق احمد خان مہمان خصوصی تھے اور اس میں سٹاف کالونی کے مکینوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی جلسہ سے چوہدری عبدالمالک ،سردار شفیق احمد ،کے ڈی چوہدری ،مرزا ایوب جرال ،ابرار حسین بٹ ،راجہ عبدالعزیز خان ،خادم حسین بٹ ،صوفی یوسف سلہریا ،راجہ خوشحال ،الیاس کملاق اور دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

سردار شفیق احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے سٹاف کالونی کے ملازمین سے کوارٹرز کے مالکانہ حقوق کا جو وعدہ کیا تھا وہ صرف چند ماہ میں پورا کر کے ہمیں ہمیشہ کے لیے خرید لیا ہے ہم پیپلزپارٹی کی موجودحکومت اور کابینہ کے تمام ممبران کے ممنون ہیں جنہوں نے گزشتہ تین دہائیوں سے معرض التواء میں پڑے اس دیرینہ مطالبہ کو پورا کیا ہے ۔

کے ڈی چوہدری نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید نے غریب ملازمین سے دوستی کا حق ادا کیا ہے ہم ان کے اس تاریخی اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ جس طرح کابینہ نے سٹاف کالونی کے کوارٹرز مکینوں کو مالکانہ بنیاد پر الاٹ کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے امید ہے کہ سب ملازمین کو بلا تخصیص و بلا امتیاز یہ حقوق ملیں گے ۔چوہدری عبدالمالک نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم رمضان المبارک کے بعد وزیراعظم کے اس تاریخی اقدام پر سٹاف کالونی میں اظہار تشکر کا بڑا جلسہ منعقد کرینگے جلسہ کے دوران ملازمین نے ” چوہدری عبدالمجید زندہ باد“ کے زور دور نعرے لگائے ۔