نوشہروفیروز اورراجن پور میں ٹریفک حادثات ، 8افرادجاں بحق ، 50زخمی

جمعرات 11 جون 2015 11:26

نوشہرو فیروز/راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء )نوشہروفیروز اورراجن پور میں ٹریفک حادثات میں 8افرادجاں بحق جبکہ 50زخمی ہوگئے ،جاں بحق اورزخمیوں میں زائراین بھی شامل تھے ،زخمیوں کوقریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ظاہرکیاجارہاہے ۔جمعرات کو پولیس کے مطابق نوشہروفیروز مین بائی پاس پر بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ سے سیہون شریف جانیوالی زائرین کی مسافر بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے الٹ گئی۔

حادثے میں بس ڈرائیور اور ایک بچے سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ پانچ بچوں اور دس خواتین سمیت پچیس افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں سول ہسپتال نوشہرو فیروز منتقل کیاگیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،زائرین لعل شہباز قلندر کے عرس سے واپس احمدپور شرقیہ آرہے تھے کہ ان کی کوچ الٹ گئی۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو اونگھ آ جانے کے باعث پیش آیا۔

زخمیوں کو سول ہسپتال نوشہرو فیروز منتقل کر دیا گیا - ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقے احمد پور شرقیہ کو روانہ کردی گئیں۔دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی سے بنوں جانے والی مسافر بس راجن پور کے علاقے کوٹلا نصیر کے مقام پر ٹرک سے تصادم کے بعد الٹ گئی۔حادثے میں تین افرادجاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں راجن پور ہسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے میں بس مکمل تباہ ہوگئی اور انڈس ہائی وے پر ایک گھنٹے تک ٹریفک معطل رہی۔