نیب نے محکمہ تعلیم شکارپورکے تین سابق افسران کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے ضمانت خارج ہونے کے بعد گرفتار کرلیا

بدھ 10 جون 2015 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے غیر قانونی طریقے سے کروڑوں روپے جی پی فنڈ حاصل کرنے والے محکمہ تعلیم شکارپورکے تین سابق افسران کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے ضمانت خارج ہونے کے بعد گرفتار کرلیا۔ بدھ کو نیب کی جاری سے پریس ریلیز کے مطابق وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ تعلیم شکارپور اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس شکارپور کے حکام کے خلاف جعلی جی پی فنڈ کے کلیمز کرکے چار کروڑ 69 لاکھ 41 ہزار کے غبن پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت حیدرآباد میں 18 ملزموں کے خلاف مقدمے کی سماعت کی جارہی ہے تاہم ملزمان نور جہان منگی سابق اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر ایجوکیشن گڑھی، یاسین ممتاز علی کلہوڑو‘ سابق اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر لاکھی ، منیر احمد سیلرو نے سندھ ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کرالی جسے بعد میں خارج کردیا گیا۔ ان ملزمان نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ضمانت کی درخواست دائر کی جو آج عدالت عظمیٰ نے مسترد کردی۔ نیب کراچی نے ان ملزمان نور جہان منگی سابق اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر گڑھی یاسین ممتاز علی کلہوڑو اور سابق اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر منیر احمد سیلرو کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان ملزمان کے ذمہ ایک کروڑ 37 لاکھ 16 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔