ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کی راہ میں امریکہ بھارت نہیں حکمران رکاوٹ ہیں ،ملک پرطبقاتی نظام مسلط ہے عوام کواچھوت سے زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی ،14 جون کو اسلام آباد میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم کیخلاف مظاہرہ کیا جائے گا

جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم کا تعمیر سیرت کیمپ کے تیسرے روز شرکاء کیمپ سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 22:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کی راہ میں امریکہ بھارت نہیں حکمران رکاوٹ ہیں وہ نہیں چاہتے کہ عام آدمی اُن کے برابر کھڑا ہو ۔ملک پرطبقاتی نظام مسلط ہے عوام کواچھوت سے زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی۔14؍جون کو اسلام آباد میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم کیخلاف مظاہرہ کیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی و سینیٹر سراج الحق کرینگے۔

الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرینگے، دیر میں جماعت اسلامی جیتی تو خواتین کے ووٹ یاد آگئے جبکہ اس سے قبل ہونیوالے انتخابات میں بھی خواتین نے ووٹ کا استعمال نہیں کیا تھا ۔ ہماری جیت سیکو لرطبقہ اور مغرب کی پروردا این جی اوز کو ہضم نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

دنیا میں انسانی سرمایہ سب سے اہم ہے نوجوانوں کی تعداد مسلمان ممالک میں 60سے65 فیصد ہے مستقبل اُمت مسلمہ کا ہے۔

وہ بدھ کو فورٹ منرو میں تعمیر سیرت کیمپ کے تیسرے روز شرکاء کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے عوام کیلئے اس میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مجسمے توڑنے پر شور مچانے والے افغانستان ، فلسطین، مقبوضہ کشمیر ، بنگلہ دیش، برما میں مسلمانوں کا خون بہا جا رہا ہے مگر اب اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے چیمپئن کو سانپ سونگھ گیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مسلمانوں کیخلاف سازش ہورہی ہے مگر مستقبل اُمت مسلمہ کا ہے ۔ یورپ مغرب میں اسلام کے بڑھتے قدموں سے پریشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے مارے عوام پر بجٹ کسی ڈرون حملے سے کم نہیں ۔نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چودھری عزیر لطیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ہمارے مسائل کا حل قر آن وسنت کے عادلانہ نظام کا قیام ہے ۔

بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیا جائے ۔ کارکنان جماعت اس کی تیاری کریں۔ جماعت اسلامی ہی لوگوں کی اُمیدوں کا مرکز ہے عوام چوروں ،لٹیروں ، ڈاکوؤں ، کرپشن لوٹ مار ، کرپٹ حکمرانوں اور ظالمانہ نظام سے تنگ آچکے ہیں وہ تبدیلی چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے محدود دائروں سے نکل کر سوچنا ہوگا ہمیں اپنی خامیوں و کمزوریوں کا جائزہ لے کر آئندہ کی حکمت عملی اپنا نی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قر آ ن کی ہدایت اور رسول اﷲ ؐ کی سنت کے مطابق زندگی ڈھال کر ہی کامیابی ممکن ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل شیخ عثمان فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ اور اُس کے رسول ؐ کی پیروی کرنے میں ہی اصل کامیابی ہے دنیا عارضی ٹھکانہ ہے اصل منزل آخرت کی کامیابی ہے۔ دنیا کے راستے چلنے والے حلال حرام، نیکی وبدی ، اچھائی برائی کی تمیز کھو دیتے ہیں اﷲ کی پیروی کرنیوالوں کو آخرت بھی ملتی اور دنیا بھی ۔آخری نشست سے جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل راؤ ظفر اقبال، ضلعی اُمراء رانا عمر دراز فاروقی، پروفیسر قاضی عبدالسمیع، چودھری مبشر نعیم، ڈاکٹر طاہر چودھری ، ڈاکٹر عمران فاروق، ڈاکٹر خیر محمد ، چودھری ولید نے بھی خطاب کیا ۔