سندھ میں جگر کا پہلا ٹرانسپلانٹیشن سینٹر کیلئے گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اور جرمنی کے سرجن پروفیسر بیکر کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط

بدھ 10 جون 2015 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) اندرون سندھ میں جگر کا پہلا ٹرانسپلانٹیشن سینٹر شروع کرنے کے لئے گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (GIMS)اور جرمنی کے جگر کی پیوندکاری کے ماہر سرجن پروفیسر بیکر کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے مطابق GIMSمیں دو ماہ کے اندر جگر کی پیوند کاری کا آغاز کیا جائیگا۔ GIMSکی طرف سے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی جبکہ پروفیسر بیکرنے اپنی ٹیم کی طرف سے معاہدے پر دستخط کئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر ، وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن ، وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو ، سیکریٹری صحت سعید منگنیجو ، کمشنر سکھر عباس بلوچ اور دیگر بھی معاہدے پر دستخط کرنے والی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کی رو سے پروفیسر بیکر 2سال کے لئے اپنے 7ٹیم میمبران کے ہمراہ GIMSمیں کام کریں گے انکی ٹیم میں تین لیور ٹرانسپلانٹ سرجن ایک انیستھیٹک ڈاکٹر، دو اسٹاف نرس اور ایک کوآرڈینٹر شامل ہیں۔

اس عرصے کے دوران پروفیسر بیکر اور ان کی ٹیم GIMSکے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو جگر کی پیوندکاری اور اس کے بعد کی احتیاطی تدابیر کے بار ے میں تربیت فراہم کریں گے ۔ ان کو دو ماہ کے اند ر اپنا کام شروع کرتے ہوئے جگر کی پیوندکاری اور تربیت کا آغاز کرنا ہے جبکہ GIMSکی انتظامیہ کو دو ماہ کے اندر تمام تر مطلوبہ طبی سامان اور سہولیات فراہم کر یں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ صحت اور GIMSکی انتظامیہ کو اندرون سندھ میں جگر کی پیوندکاری کا پہلا سینٹر قائم کرنے کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ چونکہ ڈاکٹر ادیب رضوی نے کامیابی کے ساتھ کراچی میں جگر کی پیوندکاری کے سینٹر کا قیام کر لیا ہے لیکن اندرون سندھ کے غریب عوام کراچی میں یا بیرون ملک اس قسم کے آپریشن کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے اس لیے یہ سہولت ان کے دروازے کی چوکھٹ پر فراہم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہیپاٹائٹس تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر قابو پانے کی ہم سر توڑ کوشش کررہے ہیں لیکن ہمیں اس ضمن میں سائنسی حل تلاش کرنے ہونگے۔انہوں نے پروفیسر بیکر اور ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گمبٹ میں اس سینٹر کے قیام سے غریب مریضوں کو رلیف ملے گا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مختلف اداروں کی طرف سے جگر کی پیوندکاری کے سینٹر کے قیام کی ریس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی نے جیت لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بہت عرصے سے اس حوالے سے کوشاں تھے اور آج اس سینٹر کا قیام ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے غریب مریضوں کو سکھ کا سانس ملے گا اور سندھ حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :