پاکستان اورکینیڈا کے مابین حلال مصنوعات کے ذریعے تجارت کو بڑھایا جاسکتا ہے؛چیئرمین ٹی ڈ ی اے پی

بدھ 10 جون 2015 21:45

ٰکراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اورکاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ دنیا بھر میں حلال فوڈز کی طلب میں اضافے کارحجان بڑھتاجارہا ہے ، پاکستان اورکینیڈا کے مابین حلال مصنوعات کے ذریعے تجارت کو بڑھایا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یونیورسل پروموشنز کے صدر عامر شمسی کی جانب سے میسی ساگا (ٹورنٹو) میں دوسری سالانہ حلال فوڈزفیسٹول کاافتتاح کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ٹورنٹو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل اصغر علی گولو، ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرشفیق قادری،ممبر پارلیمنٹ ہریندرملی،ممبرپارلیمنٹ براڈ بیوٹ،کمیونٹی لیڈر ٹم اقبال نے بھی اظہارخیال کیا جبکہ کینیڈا کے معروف تاجر نوید بخاری کو انکی خدمات پر ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستانی فروٹ،سبزیوں ، مچھلی،بکرے اورگائے کے گوشت کی کینیڈا میں بڑی کھپت موجودہے جسکو مدنظررکھتے ہوئے کینیڈا کی حکومت پاکستان سے بڑی تعدادمیں حلال فوڈز درآمد کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے تحت کینیڈا میں 214ملین ڈالرسے زائد حلال فوڈز کی مارکیٹ موجودہے کیونکہ کینیڈا میں اسوقت تقریبا 1.2 ملین سے زائد مسلمان موجودہیں جس میں سالانہ بنیاد پر 3.24 افزائش ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے پاکستانی برآمدکنندگان کو کینیڈا کی مارکیٹ تک رسائی کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے جبکہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی بھی ٹی ڈی اے پی سے بھرپوراستعفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کینیڈا اور پاکستان کے مابین تجارتی لین دین کو فروغ دینے کے لیے سالانہ بنیادوں پر کینیڈا میں میڈان پاکستان نمائش کااہتمام کیا جاتا ہے جوکہ دوطرفہ تجارت کوفروغ دینے میں اہم کرداراداکررہی ہے ۔پاکستانی قونصل جنرل اصغرعلی گولو نے کہا کہ حلال فوڈز فیسٹول کا انعقاد کامقصد ہی کینیڈا میں بڑہتی ہوئی حلال فوڈز کی طلب اور رسد سمیت دیگر آگاہی فراہم کرنا ہے جسکے لیے پاکستانی قونصلیٹ ٹورنٹو نے بھرپورتعاون بھی کیاہے ۔

اس موقع پر عامر شمسی نے بتایا کہ یونیورسل پروموشنز کی جانب سے پہلی کامیاب حلال فوڈزفیسٹول کے بعد دوسرے حلال فوڈز فیسٹول کا انعقادکیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلال فوڈز فیسٹول میں پاکستان، ترکش،متحدہ عرب امارات،بھارتی،افغانستان،بنگلہ دیش،ایران، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے رہنے والے بڑی تعدادمیں شرکت کرتے ہیں اور اسوقت کینیڈامیں موجودمسلم میں ساوتھ ایشین کی تعداد42فیصد،عرب کی تعداد22فیصد،افریقین کی تعداد15فیصد،پرشین کی تعداد11فیصد جبکہ دیگر 10فیصد ہیں جس کا حلال فوڈز انڈسٹری بھرپورفائدہ اٹھاسکتی ہے۔`

متعلقہ عنوان :