ایپکا کی جانب سے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ساڑھے سات فیصد بڑھانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 10 جون 2015 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (ایپکا) کی جانب سے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ساڑھے سات فیصد بڑھانے کے خلاف بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ دھرنا دیا گیا ۔ملازمین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک دیا ۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین سرکاری ملازمین نے حصہ لیا جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا کراچی کے صدر توقیر شاہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ساڑے سات فیصد تنخواہوں میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔مہنگائی کے دور میں لوئر گریڈ کے ملازمین پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں ۔حکومت نے انتہائی کم تنخواہوں میں اضافہ کرکے ہماری غربت کا مذاق اڑایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس صورت حال کا فوری نوٹس لیں ۔تنخواہوں میں کم سے کم 20سے 25فیصد اضافہ کیا جائے اور سندھ حکومت بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو پورے ملک کے سرکاری دفاتر میں تالہ بندی کردی جائے گی اور دھرنے دیئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :