حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں صحت کی سہولیات میں اضافے کے لیے خطیر رقم مختص کرے،خواجہ اظہار الحسن

کراچی سمیت صوبے کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے ،جناح وسپتال کی حالت زار پر بھرپور توجہ دی جائے،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی

بدھ 10 جون 2015 20:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نئے مالی سال کے بجٹ میں صحت کی سہولیات میں اضافے کے لیے خطیر رقم مختص کرے اور اس رقم کے شفاف استعمال کے لیے نگرانی کا جدید نظام قائم کیا جائے ۔کراچی سمیت صوبے کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے ۔

جناح اسپتال کی حالت زار پر بھرپور توجہ دی جائے اور یہاں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔جناح اسپتال کی حالت زار کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا اور وزیراعلیٰ سندھ کو ایک خط کے ذریعہ تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جناح اسپتال کراچی کے دورے کے موقع پر کیا ۔دورے کے دوران انہوں نے اسپتال کی تمام او پی ڈیز اور شعبوں کا معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر انیس بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید جمالی نے انہیں اسپتال کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ جناح اسپتال کراچی کا بڑا اسپتال ہے ۔یہاں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔سکیورٹی کے ناقص ترین انتظامات ہیں جس سے ڈاکٹرز کی زندگیاں غیر محفوظ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 35کروڑ روپے دوائیوں کا فنڈ ہونے کے باوجود مریض باہر سے ادویات خرید رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسپتال میں اسٹریچر تک موجود نہیں ہے ۔گائنی کے وارڈ کی حالت زار بھی انتہائی خراب ہے ۔ایک ایک بیڈ پر تین تین مریض ہیں ۔بچوں کے لیے انکوبیٹر موجود نہیں ہے ۔بچوں کا آئی سی یو بند پڑا ہوا ہے اور کینسر وارڈ میں ڈاکٹرز نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کے دورے سے اندازہ ہوا کہ اگر یہاں این جی اوز کام نہ کریں تو یہ اسپتال یتیم خانے کا منظر پیش کرنے لگے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے بڑے اسپتال کی حالت زار کا اس قدر خراب ہونا افسوسناک ہے ۔جناح اسپتال میں گھوسٹ ملازمین بھی موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کے مسائل کے حل کے لیے ہم بھرپور آواز اٹھائیں گے اور اسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :