دنیا میں کمزور قومیں استحصال کا شکار ہیں جس کی وجہ تعلیم سے دوری ہے‘ ڈاکٹر مجاہد کامران

موجودہ انتظامیہ کی تعلیم دوست پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی رینکنگ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے‘وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

بدھ 10 جون 2015 20:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ دنیا میں کمزور قومیں استحصال کا شکار ہیں جس کی وجہ علم سے دوری ہے،عام لوگوں کی صلاحیتوں کی نمو کے لئے معاشرے میں امن ، انصاف ، سکون اور اطمینان بہت ضروری ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ(پیف) کے زیر اہتمام طلبہ کے لئے پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں منعقدہ سکالر شپ تقسیم کی تقریب میں شرکاء سے کیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین پیف ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈائریکٹر انڈر گریجوئیٹ سٹڈیز ڈاکٹر عامر اعجاز، قائم مقام خزانہ دار راؤ محمد شریف، فیکلٹی ممبران اورطلباؤ طالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہاکہ نیکی کرنے کا جذبہ ہر انسان کے اندر موجود ہوتا ہے مگر عملی اقدامات سے ظاہر کرنے کے لئے منفرد خصوصیات ہونی چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباؤ طالبات کے لئے سکالرشپ کے انقلابی پروگرام پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیف نہ ہوتا توکئی باصلاحیت طلبہ اعلیٰ تعلیم کے زیورسے آراستہ نہ ہو پاتے۔

انہوں نے کہا موجودہ انتظامیہ کی تعلیم دوست پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی رینکنگ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ بڑے ظرف کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اپنی خامیوں اور دوسروں کی خوبیوں پر نظر رکھیں اور جتنا ہو سکے مستحق لوگوں کی مدد کر یں۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر امجدثاقب نے کہا کہ پیف کی جانب سے گزشتہ سات برسوں میں ایک لاکھ باصلاحیت اور مستحق طلبا ؤ طالبات کو میرٹ پر سکالرشپس دی جا چکی ہیں جس میں سب سے زیا دہ تعداد1825پنجاب یونیورسٹی کے ہونہار طلباؤ طالبات کی ہے جن میں بیس کروڑ سے زائدرقم کی سکالرشپس تقسیم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی اور بہتری کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگااورہمیں اپنی تخلیق کے مقاصد کو پہچاننا ہوگا۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس فہم و فراست،علم و تدبر ہے لہذا اس سہولت سے فیض حاصل کر کے دوسروں کوسیراب کرنا آپ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے یونیورسٹی کے وقار کو بحال کرنے کی جو مخلصانہ کوشش کی ہے وہ لائقِ تحسین ہے۔ بعد ازاں پیف کی جانب سے 291 ہونہار طلبہ کو سکالر شپس کارڈ جاری کئے گئے۔