الیکشن کے روز پولیس اور فوج نے مل جل کر مارشل لاء کی کیفیت پیدا کی، ایمل ولی خان

ڈی پی او چارسدہ کی موجودگی میں پیر مفتی گوہر علی کو تین ساتھیوں سمیت اٹھاکر قانون شکنی کی گئی،صوبائی حکومت کے مستعفی ہونے، بلدیاتی قانون میں ترمیم اور نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گی،مظاہرے سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 20:16

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ الیکشن کے روز پولیس اور فوج نے مل جل کر مارشل لاء کی کیفیت پیدا کر لی ،ڈی پی او چارسدہ کی موجودگی میں پیر مفتی گوہر علی کو تین ساتھیوں سمیت اٹھاکر قانون شکنی کی گئی مگر ڈی پی او اس پر خاموش رہے ۔ قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے چیخ رہی ہے مگر اپنے مفادات کی خاطر احتجاج کرنے پر خاموش ہے،صوبائی حکومت کے مستعفی ہونے، بلدیاتی قانون میں ترمیم اور نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گا۔

وہ فاروق اعظم چوک میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے حوالے سے سہ فریقی اتحاد کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے جے یو آئی کے مولانا ہاشم خان، حاجی عبد الرشید ،پاکستان پیپلز پارٹی کے حاجی خانم اﷲ ، حکیم اﷲ فوجی ، مسلم لیگ ن کے میاں ہمایون شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے ایمل ولی خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک منظم منصوبے کے تحت دھاندلی کرواکر عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکا ڈالا ہے ۔

پولیس صوبائی حکومت کی زر خرید لونڈی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔30مئی کو پولیس نے آرمی اہلکاروں سے ملکر مارشل لاء کی کیفیت پید ا کی اور شریف لوگوں پر حیوانوں کی طرح تشدد کیا۔ ڈی پی او چارسدہ کی موجودگی میں جے یو آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی گوہر علی کو تین ساتھیوں سمیت غائب کیا گیا مگر ڈی پی او چارسدہ دن ڈھاڑے قانون شکنی کا تماشہ دیکھتے رہے ۔

مفتی گوہر علی کو باعزت طور پر رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر ہو گی ۔ جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی انتخابی دھاندلی کے حوالے سے چیخ وپکار کر رہی ہے مگر اپنی مفادات کیلئے احتجاجی میدان میں آنے کی بجائے وزیر اعلی کی گود میں بیٹھ گئے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے مستعفی ہونے، بلدیاتی قانون میں ترمیم اور نئے انتخابات کے اعلان تک احتجاج جاری رہے گااور سہ فریقی اتحاد کے قائدین کے اگلی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا۔