وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نوشہرہ میڈیکل کالج کی بلڈنگ کے ڈیزائن کی منظوری دیدی

ہسپتال میں ناکافی یا نامکمل سہولتوں بارے بعد میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائیگا،پرویزخٹک

بدھ 10 جون 2015 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نوشہرہ میڈیکل کالج کی بلڈنگ کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نوشہرہ کا نیا ٹیچنگ ہسپتال سرکاری انتظامیہ کے بجائے خود مختار بورڈ کے زیر انتظام شروع کیا جائے اور ہسپتال شروع کرنے سے قبل سو فیصد سہولیات پوری کی جائیں اُنہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ناکافی یا نامکمل سہولتوں کے بارے میں بعد میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا یہ ہدایات اُنہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں نوشہرہ میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں اجلاس میں خزانہ ، صحت ، سی اینڈ ڈبلیو کے سیکرٹریوں کے علاوہ وزیراعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری ، نوشہرہ میڈیکل کالج کے پرنسپل، منصوبے کے کنسلٹنٹ اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی اجلاس کو بتایاگیا کہ نوشہرہ ٹیچنگ ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور اس کا افتتاح دو ماہ کے اندر کیا جائے گا جبکہ نو شہرہ میڈیکل کالج میں آئندہ نومبر سے کلاسیں شروع کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں جب تک تمام سہولیات اور عملہ سو فیصدپورا نہ ہو ہسپتال میں علاج معالجہ شروع نہ کیا جائے اُنہوں نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ نئے ہسپتال کو سرکاری انتظامیہ کے بجائے شروع سے ہی خود مختار بورڈکے ذریعے چلایا جائے اور بورڈ میں اچھی شہرت کے حامل ایسے افراد کو شامل کیا جائے جو جدید تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ہسپتال کو چلا سکیں اور اس کام میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ حتیٰ کہ میری سفارش بھی قبول نہ کریں وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالج کے ڈیزائن کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ وہ تمام نئی سکیمیں ایک سال کے اندر مکمل کرنے سے متعلق صوبائی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے نوشہرہ میڈیکل کالج کی عمارت کی تعمیر بھی ایک سال کے اندر مکمل کرے اُنہوں نے ہسپتال اور کالج کے ایمرجنسی شعبہ جات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سولر سسٹم نصب کرنے کی بھی ہدایت کی اور متعلقہ محکموں کو میڈیکل کالج کی عمارت کے تعمیراتی منصوبے کا پی سی ون ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کیلئے کہا۔

متعلقہ عنوان :