لاہور ہائیکورٹ نے یوتھ لون سکیم کی سابق چیئرپرسن مریم نواز کے دئیے گئے استعفیٰ کوجعلی قرار دینے کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کر دیا

بدھ 10 جون 2015 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے یوتھ لون سکیم کی سابق چئیرپرسن مریم نواز کے دئیے گئے استعفی کو جعلی قرار دینے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کے حکم پر مریم نواز کو یوتھ لون سکیم کی چئیر پرسن تعینات کیا گیا مگر اس حوالے سے مریم صفدر کی بجائے نوٹیفیکیشن مریم نوازکے نام پر جاری کیا گیا،انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا میں نواز شریف اور مریم نواز کے ناموں والے کروڑوں روپے کے اشتہارات شائع کئے گئے مگر عدالتی حکم پرمریم نواز کی بجائے مریم صفدر کی جانب سے دستخط شدہ استعفی عدالت میں بھجوا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے نام سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے برعکس استعفی میں مریم صفدر کے دستخط کئے گئے ہیں،مریم صفدر نے عدالت میں جعلی استعفی کی کاپی فراہم کر کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لہذا مریم نواز کے استعفی کو جعلی قرار دیا جائے اور اس کیس کی حساسیت کے پیش نظر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کیا جائے۔جس پر عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا۔