Live Updates

جوڈیشل کمیشن ثابت کرے گا کون جھوٹا ہے،کون سچا ،عمران خان

بھارت کی بدقسمتی ہے انہیں مودی جیسا وزیر اعظم ملا،کوئی عقل مند وزیر اعظم ہوتا تو برصغیر کے حالات کچھ اور ہوتے،مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں امن اور تمام مسائل حل ہو ں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 10 جون 2015 19:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن انتخابی دھاندلی کے حوالے سے ثابت کرے گا کہ کون جھوٹا ہے اور کون سچا ہے،بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی بدقسمتی ہے کہ انہیں نریندر مودی جیسا وزیر اعظم ملا ہے،کوئی عقل مند وزیر اعظم ہوتا تو برصغیر کے حالات کچھ اور ہوتے ۔

مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں امن اور تمام مسائل حل ہو ں گے،جوڈیشل کمیشن دھاندلی کے حوالے سے ثابت کرے گا کہ کون جھوٹا ہے اور کون سچا ہے۔بدھ کے روز جوڈیشل کمیشن انکوائری کے اجلاس سپریم کورٹ کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 20 سے30 فیصد حلقوں میں فارم 15 موجود ہی نہیں ہے اور بعض حلقو ں میں50 فیصد فارم15 موجود نہیں۔

(جاری ہے)

فارم 15 تمام ریکارڈ موجود ہوتا ہے ،لاکھوں بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں ان کا ریکارڈ کہاں ہے اور کس نے غائب کرائے ہیں،،جوڈیشل کمیشن فارم 15 کا سراغ لگائے ،جوڈیشل کمیشن کے سامنے تمام چیزیں سامنے رکھ دی ہیں،انہوں نے کہا کہ مختلف حلقوں میں60 سے70 ہزار ووٹ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے،میرے حلقے میں 93 ہزار ووٹرز کے انگوٹھوں کی شناخت نہیں ہو رہی ہے ،نادرا کے پاس ایسے آلات نہیں ہیں کہ وہ ہزاروں ووٹرز کے انگوٹھوں کی تصدیق کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ یہ ثابت کر دے گا کہ کون جھوٹا ہے اور کون سچا ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جب بھی وزیر اعظم بنتے ہیں تو ان کے کاروبار میں اضافہ ہو جاتا ہے اور عوام غریب ہو جاتی ہے،وزیر اعظم کی پہلی ترجیح اپنا کاروبار ہے ۔عمران خا ن نے کہا کہ ہندوستان کی بدقسمتی ہے کہ نریندرمودی جیسا شخص بھارت کا وزیر اعظم ہے ،مودی کی بجائے کوئی عقل مند وزیر اعظم ہوتا تو برصغیر کے اندر غربت کے خاتمے کیلئے کوششیں کرتا ،بھارت کی عوام نے مودی کو غربت کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارت کے دورے پر گئے تو اپنے صاحبزادے کو ساتھ لیکر گئے اور ایک مشہور کاروباری شخصیت کے گھر جاکر ملاقات کی دنیا میں کوئی وزیر اعظم ایسا نہیں کرتا،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے سے بہت سارے مسائل حل ہو جائیں گے اور خطے میں خوشحالی ہوگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات