گلگت بلتستان میں انتخابات میں شاندار فتح حکومتی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، زعیم قادری

بدھ 10 جون 2015 18:55

اسلام آباد ۔ 10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گلگت بلتستان کے انتخابات میں شاندار فتح حکومتی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ ریڈیو پاکستان کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ حکومت عوام کیلئے دن رات کام کر رہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کی بڑی وجہ بھی یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے ملتان، گلگت بلتستان اور منڈی بہاؤ الدین میں ن لیگ کو ووٹ دے کر مسلسل اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) تعمیری ترقی کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ دے کر مسلم لیگ (ن) کی جن پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے یہ ان پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو حکومت نے گلگت بلتستان صوبے کے لئے شروع کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پی ای سی) جیسا منصوبہ صوبے میں عوام کیلئے نئے امکانات اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سیاحت کے شعبے کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کیلئے بیرونی زرمبادلہ بڑھانے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے پینے کے صاف پانی اور صحت کے شعبے کے مسائل حل کرنے کیلئے گلگت بلتستان کے عوام کی طرف سے درخواست کی ہے۔