چوہدری نثار علی کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت، وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی سے تبادلہ خیال،روہنگیا مسلمانوں بارے قرارداد کے مسودے کی نوک پلک درست کی

بدھ 10 جون 2015 18:35

اسلام آباد ۔ 10 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے و فاقی وزیر رانا تنویر حسین، سائرہ افضل تارڑ، سینیٹر مشاہد اللہ خان، وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد، وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن سمیت کئی ارکان نے ملاقاتیں کیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر داخلہ ایوان میں دیر تک ان کے گرد ارکان اسمبلی وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کا جمگھٹا لگا رہا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے انہیں برما کے روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی فراہم کردہ قرارداد کا مسودہ دکھایا ۔ چوہدری نثار اپنے ہاتھوں سے دیر تک قرارداد کے مسودے کی نوک پلک درست کرتے رہے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بھی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے طویل ملاقات کی اور ایوان کی کارروائی کے حوالے سے متعدد امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری نثار علی خان پچھلی نشستوں پر ارکان اسمبلی کے پاس گئے اور دیر تک وہاں بیٹھ کو وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ، وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے بھی چوہدری نثار سے ملاقاتیں کیں۔