Live Updates

آزاد کشمیر کے کرپٹ حکمرانوں کا حشر گلگت بلتستان کے انتخابات میں مہدی شاہ ، ان کے وزراء جیسا ہوگا، بیرسٹر سلطان محمود چودھری

آئندہ انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ جائینگے، پی ٹی آئی اقتدار میں آکر کر ریاستی و قومی تشخص کوبحال ،عوامی مسائل حل کرائیگی، جلسے سے خطاب

بدھ 10 جون 2015 18:06

دھیر کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے کرپٹ حکمرانوں کا آئندہ انتخابات میں وہی حشر ہو گا جو کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں مہدی شاہ اور اسکے تمام وزراء کے ہارنے سے ہوا ہے۔ اگلے الیکشن میں آزاد کشمیر کے عوام موجودہ حکمرانوں کا مکمل صفایا کر دیں گے اور مسلم لیگ ن جو کہ حکومت کی بی ٹیم کے طور پر کررہی ہے اس کا اس سے بھی برا حشر ہو گا۔

پی ٹی آئی میں اب ایک بڑا عوامی ریلہ شامل ہو رہا ہے اور آئندہ انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے۔پی ٹی آئی اقتدار میں آکر کر ریاستی و قومی تشخص کوبحال کرے گی اور عوامی مسائل حل کرائے گی۔جس طرح ن لیگ نے آزاد کشمیر میں اپنے امیدواروں کو فنڈز دئیے ہیں اور آزاد کشمیر حکومت بھی جو پیسہ اب تک خرچ نہیں ہوا آپس میں بندر بانٹ کررہی ہے اور جو سرکاری ملازمین ان حکمرانوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں میں انہیں متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اس کرپشن میں حکومت کے آلہ کار نہ بنیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں دھیرکوٹ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام کی صدارت راجہ شمشاد نے کی جبکہ جلسہ عام سے خواجہ فاروق،، راجہ شمشاد، ذوالفقار عباسی، ظفر عباسی،راجہ ساجد ،ساجد عباسی، راجہ قدیر، راجہ شجاعت، آسیہ رفیق ایڈووکیٹ، صبا شمشاد ایڈووکیٹ، شمائلہ ممتاز ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی زبردست مقبولیت کی وجہ سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ آپس میں مک مکا کی کوششیں کررہے ہیں۔آئندہ الیکشن میں بھی انکا وہی حشر ہو گا جو کہ میرپور کے ضمنی انتخاب میں ہوا تھا۔ اگر میرپور کے عوام نے ان دونوں پارٹیوں کا مک مکا مسترد کردیا ہے تو آزاد کشمیر کے عوام بھی ان دونوں پارٹیوں کا مک مکا ختم کر دیں گے اور پیپلز پارٹی اور ن لگ والے دن کو ایکدوسرے کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور رات کو دونوں ملکر سازشوں میں مصروف رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آج جو بھی کرپشن ہو رہی ہے ن لیگ بھی اسکی برابر کی ذمہ دار ہے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ عوام ان لوگوں کے اصل چہرے دیکھ چکے ہیں اور ان کا حشر آئندہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے نتیجے جیسا ہو گا۔آئندہ الیکشن میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔آجکل دونوں پارٹیاں کرپشن میں مصروف عمل ہیں اور عوام اب انکے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور آزاد کشمیر میں اب انصاف کا بول بالا ہوگا۔

جس طرح موجودہ حکومت نے بیلٹ پیپر کی دھجیاں اڑائی ہیں اور جس طرح سے آزاد کشمیر کے موجودہ حکمرانوں نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور ریاستی تشخص کو پامال کیا ہے آزاد کشمیر کے عوام آئندہ انتخابات میں ان کا کڑا احتساب کریں گے۔عمران خان کے ویژن کو گھر گھر پہنچایا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات