ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام خضدار میں میں پہلی باردو روزہ تعلیمی وکتب میلہ 13اور14جون کو منعقد کیا جائے گا

بدھ 10 جون 2015 17:53

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام خضدار میں میں پہلی باردو روزہ تعلیمی وکتب میلہ 13اور14جون کو منعقد کیا جارہاہے ۔ جس کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دید ی گئی ہے ۔ شہر میں وال چاکنگ ، ضلع بھر کے سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تقاریر، ملی نغمے، شعائری، اور ٹیبلوکے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے بچوں کی جانب سے ریہرسل مشق کا سلسلہ جاری ہے۔

تعلیمی اداروں کے سربراہان اور پرنسپلز و پروفیسرز کو کتب میلہ کی تیاریوں کے لئے الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کتب میلہ کی کامیابی کے لئے کام کررہے ہیں ۔ جب کہ کتب میلہ کے بعد میونسپل کارپوریشن میں قائم لائبریری میں مذید کتب شامل کرکے اسے عام شہریوں کے لئے کھولا جارہاہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کے باعث خضدار میں دو روزہ تعلیم اور کتب میلہ کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے جارہاہے ۔

جبکہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کے طلباء بھی بے چینی کے ساتھ کتب میلہ کا انتظار کررہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ کے مطابق دو روزہ کتب میلہ کا مقصد کتب بینی کے شوق میں اضافہ کرنا اور طالب علموں سمیت تمام مکاتب فکر میں کتابوں کے ذوق اور رجحان کو بڑھاناہے کتب میلہ میں بڑے پیمانے پر کتابوں کے اسٹائلز لگانے کے علاوہ ثقافتی علاقائی اشیاء کے اسٹائلز بھی لگائے جائیں گے۔ جس سلسلے کا ہم آغاز کررہے ہیں انشاء اﷲ اس کے مستقبل و قریب میں علم ، درسگاہوں پربہت اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔ کتب میلہ کا مقصدبھی کتابوں سے بے نیازی کو ختم کرکے اسے زندگی کا رفیق بناناہے ۔