محکمہ اطلاعات کے شعبہ اشتہارات میں اخبارات کو اشتہارات کی بروقت ،فوری ترسیل کیلئے فاسٹ کمیونیکیشن سسٹم نصب کر دیا گیا

بدھ 10 جون 2015 16:48

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء)محکمہ اطلاعات کے شعبہ اشتہارات میں اخبارات کو اشتہارات کی بروقت اور فوری ترسیل کیلئے فاسٹ کمیونیکیشن سسٹم نصب کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں نئے سسٹم کا باقا عدہ افتتاح آج یہاں وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی اور سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی نے کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ آج کے جدید دور میں ذرائع مواصلات کی ترقی نے میڈیا کی دنیا میں بھی انقلاب برپا کیا ہے اور پریس میڈیا کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت میں بھی کئی گناہ اضافہ ہوا ہے ۔

وزیر اعطم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی خصوصی ہدایات پر آزاد کشمیر میں محکمہ تعلقات عامہ /اطلاعات کو جدید ذرائع مواصلات سے لیس کیا جارہا ہے تاکہ موجودہ وقت کی ضروریات اور تقاضوں سے بہتر طور پر محکمہ اطلاعات عہدہ براہوسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت تعلقات عامہ /اطلاعات کے شعبہ اشتہارات کو فاسٹ کمیونیکیشن سسٹم سے مزین کیے جانے کے بعد افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔

آزاد کشمیر حکومت کے سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی ، وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن امجد چوہدری ، ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹراطلاعات ہیڈ کوارٹر زعندلیب ساحر بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلیسٹی مرزا بشیر جرال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشتہارات سید بشارت حسین کاظمی ،انفار میشن افسر مقصود احمد میر اور ایڈورٹائزنگ افسر عبدالمجید طاہر کے علاوہ صحافیوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے اس موقع پر کہا کہ انکی حکومت آزاد خطہ میں صحافیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

اور ا س مقصد کے لیے آزاد جموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن انتہائی اہم کر دار دار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں صحافیوں کو جدید سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ محکمہ اطلاعات /تعلقات عامہ آزاد کشمیر میں فاسٹ کمیونیکیشن سسٹم کی تنصیب سے جہاں حکومت آزادکشمیر کی خبروں کی بہتر تشہیر ممکن ہو سکے گی وہاں اشتہارات کی بہتر تیاری کے علاوہ مقامی اور ملکی اخبارات کو اشتہارات کی فوری ترسیل کو بھی ممکن بنایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات آزادکشمیر نے کہا کہ انکی حکومت محدود وسائل کے باوجود آزاد کشمیرمیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح و بہبوداور ان کو جدید ذرائع رسل ورسائل کی فراہمی کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے رہی ہے ۔ تمام قومی ومقامی اخبارات وجرائد کو بلاتخصیص سرکاری اشتہارات کی ترسیل /فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے اور بالخصوص مقامی اخبارات و جرائد کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ آزاد خطہ میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے افرادکی پذیرائی ممکن ہواور اعلیٰ اقدار پر مبنی صحافت اورذرائع ابلاغ کو فروغ دیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر وترقی میں میڈیا کا کر دار محتاج بیان نہیں ۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر مزید کہا کہ انکی حکومت نے ہمیشہ مثبت اور اصلاح واحوال کی نظر سے کی جانے والی تنقید کو ہمیشہ خوش آمدید کہا ہے کیونکہ اس سے عوام الناس کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات آزا دکشمیر سید ظہور الحسن گیلانی نے اس موقع پر آزاد کشمیر میں صحافیوں کی فلاح وبہبود و علاج معالجہ کے حوالہ سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ محکمہ اطلاعات /تعلقات عامہ آزا د کشمیر عوام الناس ، میڈیا اور حکومت کے درمیان ایک رابطہ پل کی حیثیت رکھتا ہے اور عوام الناس کو آزا دکشمیر حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور اقدامات سے بروقت آگاہ کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی ، سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی ، وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن امجد چوہدری اور دیگر صحافیان کرام کا افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی نے افتتاحی ربن کاٹ کر فاسٹ کمیونیکیشن سسٹم کا افتتاح بھی کیا۔