جامعہ کراچی،ترکی کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط

بدھ 10 جون 2015 16:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اورترکی کی موگلا سٹکی کوکمین یونیورسٹی (Mugla Sitki Kocman University, Turkey)کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سائنسی میدان میں تحقیقی و تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ دونوں ممالک میں کیمیائی و حیاتیاتی علوم کو بھی مذیدفروغ مل سکے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائیگا تاکہ ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں، دونوں تعلیمی و تحقیقی ادارے ہر سال متعلقہ موضوعات پر مشترکہ ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد بھی کرینگے، اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے جبکہ اس معاہدے کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان تحریری اطلاع سے ممکن ہوگی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری جبکہ ترکی کی موگلا سٹکی کوکمین یونیورسٹی کے ریکٹرپروفیسر ڈاکٹرہنسر ہرمندر نے اس معاہدے پر دستخط موگلا سٹکی کوکمین یونیورسٹی میں حال ہی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کا شمارترقی پذیر دنیا کے بہترین حیاتیاتی اور کیمیائی علوم کے اداروں میں ہوتا ہے جہاں دنیا بھر سے سائنسدان سائنسی و تحقیقی تربیت کے لئے پاکستان آتے ہیں، اس میں، ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، لطیف ابراہیم جمال (ایل ای جے) نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹرفار مالیکیولر میڈیسن ا ینڈ ڈرگ ریسرچ ( پی سی ایم ڈی) جیسے معرف ادارے بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹرہنسر ہرمندر نے کہا موگلا سٹکی کوکمین یونیورسٹی ترکی کا ایک مستند تعلیمی و تربیتی ادارہ ہے جہاں اعلیٰ تدریسی عملہ طلبہ و طالبات کی علمی اور تحقیقی استعداد بڑھانے میں مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :