اسلام آباد : بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان میانمار نہیں ہے، بھارتی وزیر راجیا وردھن کے بیانات پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا منہ توڑ جواب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 جون 2015 16:22

اسلام آباد : بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان میانمار نہیں ہے، ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھارت کو خبر دار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان میانمار نہیں ، پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ، بھارتی وزراء کی طرف سے اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز بیانات معمول بن گئے ہیں ، پاکستان پر تسلط قائم کرنے کے بھارتی عزائم کامیاب نہیں ہوں گے ، پاکستان کے بارے میں غلط عزائم رکھنے والے کان اور آنکھیں کھولیں ، بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے ۔

وہ بدھ کو بھارتی وزیر راجیا وردھن راٹھور کے دھمکی آمیز بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے ، وزیراعظم نواز شریف نے پاک بھارت امن مذاکرات کا اعادہ کیا لیکن بھارت نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کردیئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میانمار میں نہیں ،بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

مسلح افواج حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے ، ایل او سی پر بمباری بھارتی پالیسی کا حصہ بن گئی ہے ، بھارتی وزراء کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیاں معمول بن گئی ہیں ۔بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے ، بھارتی عزائم نا پہلے کامیاب ہوئے اور نہ ہی آئندہ ہوں گے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے میں بھارت کا تسلط اور اجارہ داری قبول نہیں ہے ۔ پاکستان کے بارے میں غلط عزائم رکھنے والے کان اور آنکھیں کھولیں ، بھارتی وزراء کے دھمکی آمیز بیانات پر مرعوب نہیں ہوں گے اور نہ ہی پاکستان پر تسلط قائم کرنے کے بھارتی عزائم کامیاب ہوں گے ۔