قومی اسمبلی میں برما میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور

بدھ 10 جون 2015 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) قومی اسمبلی نے برما میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد مذمت منظور کرلی‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کا فوری مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اسے فوری حل کیا جائے۔ پاکستان روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انہیں بے گھر کرنے اور مذہبی بنیادوں پر قتل عام کی شدید مذمت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان برما میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ مذہبی بنیادوں پر ہونے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کرتا ہے برما میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام افسوسناک اور قابل مذمت ہے انہیں ان کے گھروں اور جائیدادوں سے محروم کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ ایوان اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے مطالبہ کرتا ہے کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کا فوری طور پر نوٹس لیکر انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ایوان نے مذکورہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔