خاندان کرائے پر درکار ہے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 10 جون 2015 13:01

خاندان کرائے پر درکار ہے

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون2015ء)یتیم خانے میں پرورش پانے والی کولاراڈو کالج کی ایک 19 سالہ طالبہ نتالی کارسن ان دنوں ہر کسی کی توجہ کا مرکز ہے۔ نتالی نے کریگ لسٹ ڈاٹ کام پر ایک اشتہار دیا ہے۔ اس اشتہار میں اس نے کہا ہے کہ اس نے اپنی کوئی بھی سالگرہ بھرپور خوشی سے نہیں منائی مگر آنے والی سالگرہ منانا چاہتی ہے۔ اس نے لکھا کہ اس کے لیے انہیں کرائے پر ایسی فیملی چاہے جو سالگرہ والے دن اسے خوب محبت دے ۔

نتالی نے یہ بھی لکھا کہ وہ اُس فیملی کو 8 ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے ادائیگی کر سکے گی۔ نتالی کو اس کے بچپن میں ہی اس کے جھگڑالو والدین سے لے کر یتیم خانے میں رکھ لیا گیا تھا، جہاں کسی نے اسے گود نہیں لیا، حتی کہ اس کی گود لینے کی عمر نکل گئی۔ نتالی کے اشتہار کے جواب میں بہت سے خاندانوں نے اس کی سالگرہ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

بعض لوگوں نے دوسری ریاستوں سے بھی پیشکش کی ہے کہ وہ اس کی سالگرہ کے دن جہاز پر آنے کو تیار ہیں مگر نتالی نے کولارڈو کی ہی ایک فیملی کا انتخاب کیا ہے۔

نتالی کا کہنا ہے کہ میں نہیں چاہتی کہ سالگرہ والے دن میڈیا اس کی پرایسویسی میں دخل دے۔ نتالی نے کہا کہ یہ اس کی کہانی نہیں۔ یتیم خانے میں پرورش پانے والے تمام بچے اپنی سالگرہ اکیلے مناتے ہیں۔ نتالی نے بتایا کہ کریگ لسٹ پر کرائے پر فیملی لینے خیال اسے ایک دوسرے اشتہار کو دیکھ کر آیا، جس میں ایک لڑکے نے چھٹیاں گذارنے کے لیے ایک فیملی کو کرائے پر لینے کا اشتہار دیا تھا۔