نبیل گبول بتا ئیں انہیں کس کوے یا چڑیا نے بتا یا سندھ کے آئندہ گورنر میں جام صادق علی کی روح ہوگی،آغا سراج درانی

سعودی قونصل جنرل سے ملاقات میں بجلی، پانی بحران کے خاتمے کیلئے سندھ میں سرمایہ کاری کی بات کی ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 9 جون 2015 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ نبیل گبول ہمیں یہ بتا ئیں کہ انہیں کس کوّے یا چڑیا نے بتا یا ہے کہ سندھ کے آئندہ گورنر میں جام صادق علی کی روح ہوگی ،ایسی باتیں وہ میڈیا میں زندہ رہنے کے لیے کرتے ہیں،جمہوریت پر پہلے بھی حملہ کیا گیا جس کا پیپلزپارٹی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا ،اب بھی مقابلہ کریں گے ۔

منگل کو کراچی میں تعینات سعودی عرب کے قونصل جنرل عبداﷲ عبدالدائم نے سندھ اسمبلی میں واقع ان کے چیمبر میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ سعودی قونصل جنرل سے ملاقات میں درخواست کی ہے کہ وہ بجلی اور پانی بحران کے خاتمے کے لیے سندھ میں سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ خیبرپختونخوا کی طرح سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بدنظمی اور دھاندلی کا شکار ہوں ۔بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار ہونا چاہئیں ۔کرپشن کے الزامات ثابت ہونے سے پہلے میڈیا ٹرائل شروع ہوجاتا ہے ۔کسی بھی وزیر کی گرفتاری سے پہلے وزیراعلیٰ کی منظوری ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت یا کارکنان کبھی بھی مقدموں سے خوفزدہ نہیں ہوئے لیکن عدالتوں میں وہ مقدمے جھوٹے ثابت ہونے سے مخالفیں کو منہ کی کھانی پڑی ہے ۔

آغاسراج دارنی نے کہاکہ پیپلزپارٹی مخالف بیانات کے باعث نبیل گبول کو میڈیا پر بات کا موقعہ ملتا ہے ،اس کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں ہے ۔سندھ میں گورنر راج کی باتیں ان کے ذہن کی اختراع ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں آغاسراج درانی نے کہاکہ ذوالفقار مرزا ذاتی رنجش کے بنا پر پارٹی قیادت پر الزام تراشی کر رہا ہے ۔